جموں، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے جموں کشمیر کے اکھنور ضلع میں کنٹرول لائن پر پھر سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی ہے ۔پاکستان نے رواں ماہ ستمبر کے دوران یہ پانچویں بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ گزشتہ 36گھنٹوں میں یہ تیسری جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔جموں کے ڈپٹی کمشنر سمرندیپ سنگھ نے کہاکہ پاکستانی کی جانب سے رات کو چھوٹے ہتھیاروں سے کنٹرول لائن میں جموں ضلع کے پلن والا، چپریال اور سمنام علاقوں میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ یہ فائرنگ رات تقریبا ساڑھے بارہ بجے شروع ہوئی ، جبکہ دیر رات ڈیڑھ بجے ختم ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس فائرنگ میں کوئی بھی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔پاکستانی فوجیوں نے کل مینڈھر علاقے کے بولنوئی علاقے میں فائرنگ کی تھی۔پاکستانی فوج نے اس سے پہلے 28؍ستمبر کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن میں پونچھ سیکٹر کے سبزیان علاقے میں ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی تھی۔اس سے پہلے 6 ؍ستمبر کو بھی پاکستانی فوجیوں نے پونچھ سیکٹر میں فوج کی چوکیوں پر فائرنگ کی تھی۔2 ؍ستمبر کو پاکستانی فوجیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اکھنور سیکٹر میں فوج کی چوکیوں پر گولہ باری کی تھی۔افسر نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے سرحد پار فائرنگ کرنے کے 405واقعات میں 16شہریوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 71افراد زخمی ہوئے تھے۔